موسم سرما میں کن وٹامنز کی ضرورت ہوتی ہے

 

موسم سرما میں کن وٹامنز کی ضرورت

 ہوتی ہے



 

  موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی بہت سی بیماریاں بھی سر اٹھا لیتی ہیں۔ اس موسم میں جو عام سی بیماریاں ہوتی ہیں ان سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے اپنے کھانے پینے کی عادات کا خاص خیال رکھا جائے۔ سردیوں کے موسم میں ہی نہیں بلکہ سارا سال صحت مند، چست اور چاق و چوبند رہنا بہت ضروری ہے۔ موسم سرما میں درجہ حرارت کم جبکہ ہوا خشک ہو جاتی ہے اور ہوا میں موجود مختلف جراثیم ، وائرسز اور الرجی پیدا کرنے والے عناصر جن میں پولن ، مٹی وغیرہ شامل ہیں ،بیماریاں پھیلانے کا باعث بنتے ہیں۔

موسم سرما  میں زکام ،نزلہ، بخار، گلاخراب ہونا، کھانسی،جوڑوں میں درد، جلد کا خشک ہو جانا، ہونٹوں کا پھٹ جانا جیسی شکایات عام ملتی ہیں۔ دمہ کے مریضوں کے لئے یہ موسم جان لیوا ہوتا ہے۔ اس موسم میں پیاس کم لگنے کی وجہ سے پانی کم پیتے ہیں جس سے جسم میں پانی کی کمی کی شکایت ہونے کے باعث جلد پر خشکی کے اثرات نمایاں ہونے لگتے ہیں ۔

   اس موسم میں غذائی ضروریات کا خاص خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ ہماری غذاوں میں وہ اجزاء شامل نہیں ہوتے جن کی ہمیں ضرورت ہوتی ہے۔ اگر ہم اپنی خوراک متوازن رکھیں تو ہم صحت مند رہ سکتے ہیں۔ یہ غذائی اجزاء ہمیں مختلف بیماریوں سے بچاتے اور صحت مند مدافعتی نظام کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ موسم سرما میں کن وٹامنز کی ضرورت ہوتی ہے ، اور یہ ہمارے مزاج کے اتار چڑھاو کو بھی بہتر بناتے ہیں،کے بارے معلومات دیں گے۔

وٹامن بی

  وٹامنز بی کئی اشکال میں ملتے ہیں ۔ سب کے خواص الگ الگ ہیں۔ B-12 اعصابی نظام کو منظم کرنے میں مدد کرتا ہے، جبکہ B-6 کھانے کو توانائی میں تبدیل کرنے میں مدد کرتا ہے۔ B-1 اور B-2 نہ صرف کھانے کو توانائی میں بدلتے ہیں، بلکہ یہ اعصابی فوائد بھی فراہم کرتے ہیں اور آنکھوں کے لئے بھی مفید ہیں۔ موسم سرما میں B-12 ضروری ہے کیونکہ یہ مزاج کو بہتر بناتا اورمزید توانائی فراہم کرتا ہے۔ اناج، سرخ گوشت، دال، اور پتوں والی سبزیاں سردیوں میں مکمل خوراک حاصل کرنے میں مدد کرتی ہیں۔ وٹامنز صرف سردیوں میں ہی نہیں بلکہ پورے سال ہی صحت اور تندرستی کے لیے ضروری اجزاء ہیں۔ فوڈ سپلیمنٹس ایک مضبوط مدافعتی نظام کو برقرار رکھنے، گرم رہنے اور موسم سرما کا مقابلہ کرنے میں مدد کرتے ہیں۔ وٹامنز کو صحت مند غذا کے ذریعے حاصل کیا جانا چاہیے، اوربہترین خوراک کا تعین کرنا چاہیئے۔



وٹامن اے

 یہ وٹامن بینائی کے لیے فائدہ مند ہے، اس وٹامن کی مناسب مقدار حاصل کرنا بھی ضروری ہے۔ وٹامن اے کی کمی سے کمزور مدافعتی نظام اور انفیکشن کے بڑھنے کے خدشات ہوتے ہیں۔ انسانی جسم بیٹا کیروٹین سے وٹامن اے خود بناتا ہے۔ یہ وٹامن ایک اینٹی آکسیڈنٹ ہے جو ہڈیوں، دانتوں اور نرم بافتوں کو صحت مند رکھنے میں مدد کرتا ہے۔ یہ جسم کے قدرتی دفاع کو محفوظ رکھ کر مدافعتی نظام کی صحت کو بھی برقرار رکھتا ہے۔ وٹامن اے سے بھرپور غذا میں پالک، خوبانی اور شکر قندی شامل ہے۔

وٹامن ای

یہ وٹامن سردیوں میں جلد اور بالوں کو نمی دینے کے لیے ضروری ہے۔ سرد موسم میں سر اور بال خشک ہو جاتے ہیں، جہاں اس وٹامن کی ضرورت پڑتی ہے وٹامن ای سپلیمنٹس کے ساتھ ساتھ مونگ پھلی، سورج مکھی کے بیج اور کاجو جیسی غذاوں سے حاصل کر سکتے ہیں۔



وٹامن ڈی

ہم میں سے اکثر کو سردیوں کے دوران وٹامن ڈی کی کمی ہوتی ہے کیونکہ ہم اسے سورج سے حاصل کرتے ہیں، جو کہ سرد مہینوں میں کافی زیادہ مشکل ہوتا ہے۔ تاہم، اگر ہمارے پاس یہ نہ ہو تو ہماری صحت متاثر ہوتی ہے۔ وٹامن ڈی اہم معدنیات کو جذب کرنے اور میٹابولائز کرنے اور مناسب خلیات کی تشکیل اور مدافعتی نظام کے ضابطے میں مدد کرتا ہے، یہ سب بیماری کی روک تھام اور زندگی کی بنیادی سرگرمیوں کے لیے اہم ہیں۔ دوپہر کی دھوپ کے دوران جب بھی ممکن ہو کم از کم 15 منٹ کے لیے باہر نکلیں۔ وٹامن ڈی مکھن، دودھ، انڈے، مشروم، لیور آئل اور مچھلی میں پایا جاتا ہے۔

 

وٹامن سی

یہ قدرت کا قوت مدافعت بڑھانے والا وٹامن ہے، اور یہ مختلف موسمی سبزیوں اور پھلوں، جیسے گاجر اور چقندر میں پایا جا تا ہے۔ وٹامن سی نزلہ، کھانسی اور دیگر موسمی بیماریوں سے بچنے کے لیے ضروری ہے۔ یہ مختلف ترش پھلوں میں پایا جا تا ہے،جیسے سنترہ اور لیموں میں۔ ایک گلاس نیم گرم پانی میں لیموں کا رس ملا کر پینے سے جسم میں وٹامن سی کی سطح کو بڑھایا جا سکتا ہے۔ وٹامن سی پروٹین میٹابولزم کے لیے ضروری ہے اور اینٹی باڈیز پیدا کرنے میں مدد کرتا ہے جو انفیکشن سے بچاتے ہیں۔ یہ کولیجن کی پیداوار کو متحرک کرتا ہے، جو مربوط ٹشوز کی تشکیل کے لیے ضروری ہے-وٹامن سی کوAscorbic acid بھی کہا جاتا ہے۔


Hydersyed

Writter, Poet

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی