رچناوی ٹی وی

رچناوی ٹی وی کے فنکار اور رچناوی ثقافت
 

رچناوی ٹی وی

 دیہی پنجاب کے فن اور ثقافت کا خوبصورت ترجمان

رچناوی ٹی وی ، پاکستان کا مقبول عام فنی یوٹیوب چینل

جب سے سوشل میڈیا عام ہوا ہے، ملک میں چھپا ہوا بہت سا ٹیلنٹ سامنے آ رہا ہے۔ یوٹیوب پر بہت سے چینل مختلف نوعیت کے پروگرام پیش کر رہے ہیں، جن میں مذہبی، سیاسی، معلوماتی، تعلیمی اور دیگر پروگرام شامل ہیں۔ تفریحی پروگراموں کے بھی بہت سے چینل ہیں جو اپنا کام بخوبی سرانجام دے رہے ہیں۔

کچھ علاقائی چینل بھی بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ ایسے چینل اپنے اپنے علاقے کی ثقافت، زبان، رہن سہن اور معاشرتی زندگی کی نمائندگی کرتے ہیں، اسی لیے انہیں عوام میں خاصی پذیرائی ملتی ہے۔ تفریحی چینلز میں سے ایک چینل رچناوی ٹی وی کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس چینل پر روزانہ ایک ڈرامہ پیش کیا جاتا ہے، جن میں معاشرتی مسائل کو بڑی خوبصورتی سے اجاگر کیا جاتا ہے۔ اس تحریر میں رچناوی ٹی وی کے بارے میں بات کریں گے تاکہ قارئین کو اس منفرد چینل کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی مل سکے۔

رچناوی ٹی وی: رچناوی ثقافت اور فنکار


رچناوی کیا ہے؟

دریائے راوی اور دریائے چناب کے درمیانی علاقے کو رچنا دوآب کہا جاتا ہے۔ دوآب سے مراد دو دریاؤں کے درمیان واقع زمین ہے۔ رچنا یا رچناوی علاقے میں رہنے والے قدیم لوگوں کی زبان اور رہن سہن بھی دوسرے علاقوں سے مختلف ہے۔ رچناوی علاقوں میں رہنے والوں کو جانگلی کہا جاتا ہے، کیونکہ ان کی زبان دوسرے پنجابی لوگوں سے مختلف ہے اور اسے پنجابی زبان کی ایک قدیم اور مخصوص بولی سمجھا جاتا ہے۔

ان کے رسم و رواج بھی دوسرے علاقوں سے مختلف ہیں۔ رچناوی بودوباش کا مرکز دریائے راوی کا علاقہ ہے۔ یہاں کے لوگ آج بھی اپنی تہذیب و تمدن کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ ان کی خواتین آج بھی روایتی اور قدیم پہناوے میں نظر آتی ہیں۔

رچناوی ٹی وی کا آغاز

رچناوی ٹی وی کے نام سے ایک فنی یوٹیوب چینل ہے جو رچناوی علاقے کے لوگوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ رچناوی ٹی وی پر رچناوی علاقے کے قدیم لوگوں کی زبان، ثقافت اور رسم و رواج کو بڑی عمدگی سے پیش کیا جاتا ہے۔

کمیر، ضلع ساہیوال سے تعلق رکھنے والے لکھاری اور ڈائریکٹر محبوب ملک نے اپنے قرب و جوار سے مختلف فنکاروں کو اکٹھا کرکے کہانیوں کو فلمایا اور رچناوی ٹی وی کا آغاز 2018ء میں کیا۔

ان کہانیوں میں سبق بھی ہے اور مزاح بھی۔ انہیں دیکھ کر ہونٹوں پر مسکراہٹ آ جانا معمول کی بات ہے۔ بلاشبہ محبوب ملک ایک اچھا کام کر رہے ہیں، جسے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں دیکھا اور سراہا جاتا ہے۔

رچناوی ٹی وی پر روزانہ ایک ویڈیو شامل کی جاتی ہے، جسے دیکھنے کے لیے لوگ منتظر رہتے ہیں۔

رچناوی ٹی وی: رچناوی ثقافت اور فنکار

رچناوی ٹی وی کے فنکار

رچناوی ٹی وی کے فنکاروں کی بات کی جائے تو ہر فنکار اپنے کردار کو بڑی خوبصورتی سے ادا کرتا نظر آتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رچناوی ٹی وی کو عوام میں خوب سراہا جاتا ہے۔

یہ فنکار کبھی یکسانیت کا شکار نہیں ہوئے۔ ہر ڈرامے میں ان کی اداکاری پہلے سے زیادہ بہتر محسوس ہوتی ہے۔ رچناوی ٹی وی کے سینئر فنکاروں کا مقابلہ کسی بھی دوسری اسکرین کے فنکاروں سے کیا جا سکتا ہے۔ ویسے بھی فنکار، فنکار ہی ہوتا ہے، چاہے وہ چھوٹے شہر سے تعلق رکھتا ہو یا بڑے شہر سے۔

رچناوی ٹی وی کے وہ فنکار جن کے دم سے چینل میں رونق ہے، ان کے بارے میں مختصر بات کرتے ہیں۔

رمزی

رچناوی ٹی وی: رچناوی ثقافت اور فنکار


کمیر سے تعلق رکھنے والے سانول ڈرامے میں رمزی سیانا کے نام سے لاجواب اداکاری کرتے ہیں۔ رمزی ہر کردار بڑی خوبصورتی سے ادا کرتے ہیں۔ یہ کردار بظاہر ایک سیدھے سادے آدمی کا ہے، مگر اس کے اندر بھی ذہانت چھپی ہوتی ہے۔ وہ مشکل حالات میں بھی بڑی خوبصورتی سے نکل آتا ہے۔

رمزی بیک وقت منفی اور مثبت کردار ادا کرکے دیکھنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے ہیں۔

سُگری

رچناوی ٹی وی: رچناوی ثقافت اور فنکار


سُگری کا اصل نام عکاشہ ہے اور ان کا تعلق کمیر سے ہے۔ وہ ڈراموں میں رمزی سیانا کی بیوی کا کردار ادا کرتی ہیں۔ کردار کے مطابق فقرات کا استعمال اور مثبت کردار بھی اچھے انداز سے ادا کرتی ہیں۔

میاں بیوی کی لڑائی ہو یا نوک جھونک، ان کی اداکاری میں حقیقت کا گماں ہوتا ہے۔ سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے کرداروں میں رمزی کے بعد سُگری کا نام آتا ہے۔

مائی صابراں

رچناوی ٹی وی: رچناوی ثقافت اور فنکار


مائی صابراں کا اصل نام سکینہ ہے۔ ان کا تعلق بھی کمیر سے ہے اور وہ سُگری کی حقیقی ماں ہیں۔ ڈرامے میں وہ سُگری کی ساس کا کردار ادا کرتی ہیں۔

ان کی بے ساختہ اداکاری اور چہرے کے قدرتی تاثرات ان کی اداکاری میں جان ڈال دیتے ہیں۔ وہ ماہئے اور گیت بھی بڑی عمدگی سے گاتی ہیں۔

چوہدری ککی

رچناوی ٹی وی: رچناوی ثقافت اور فنکار


بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے غفار ٹھاکر مشہور اداکار افتخار ٹھاکر سے متاثر ہوکر ان جیسی اداکاری کرتے ہیں۔ وہ اپنے کردار کو بڑی خوبصورتی سے نبھاتے ہیں اور اپنے انداز سے ڈرامے میں مزاح پیدا کرتے ہیں۔

جٹی

رچناوی ٹی وی: رچناوی ثقافت اور فنکار


جٹی کا اصل نام سونیا ہے۔ وہ چوہدری ککی کی بیوی کے کردار میں اداکاری کرتی ہیں۔ ککی کے بارے میں ان کے کاٹ دار جملے بڑا مزہ دیتے ہیں۔

وہ ہمیشہ اچھے لباس اور بالوں میں گجروں کے ساتھ نظر آتی ہیں، جو ان کے کردار کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔

شوکی

رچناوی ٹی وی: رچناوی ثقافت اور فنکار


شوکی کا اصل نام قمر ہے۔ دبلا پتلا جسم اور چہرے پر نوک دار مونچھیں ان کی شناخت ہیں۔ بے ساختہ جملے بازی شوکی کی خاص پہچان ہے اور یہی انداز انہیں دوسرے فنکاروں سے منفرد بناتا ہے۔ شوکی اور صنم دونوں حقیقی میاں بیوی ہیں۔

صنم

رچناوی ٹی وی: رچناوی ثقافت اور فنکار

صنم کا کردار ادا کرنے والی یہ اداکارہ بھی ہر فن مولا ہیں۔ وہ شوکی کی بیوی کے کردار میں نظر آتی ہیں۔ بعض اوقات دونوں کے درمیان بحث کے دوران میاں بیوی کا حقیقی عکس دکھائی دیتا ہے، اور یہی حقیقی اداکاری ہے۔ بعد میں یہ دونوں حقیقی میاں بیوی کے رشتے میں بندھ گئے۔

بھوتنا

رچناوی ٹی وی: رچناوی ثقافت اور فنکار


بھوتنا کا اصل نام اکرام ہے۔ ڈرامے میں اسے دیکھ کر ہی چہرے پر مسکراہٹ آ جاتی ہے۔ اپنے کردار کو خوبصورتی سے ادا کرنے والے ایسے فنکار بہت کم پیدا ہوتے ہیں۔

بھوتنا اتنی ڈوب کر اداکاری کرتے ہیں گویا ان کے جسم میں پارہ بھرا ہو۔ ڈانس میں بھی مہارت رکھنے والے یہ فنکار ہر کردار بڑے اچھے انداز سے نبھاتے ہیں۔

بلو

رچناوی ٹی وی: رچناوی ثقافت اور فنکار


بلو ڈرامے میں بھوتنا کی بیوی کا کردار ادا کرتی ہیں۔ وہ ہمیشہ مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھتی ہیں اور ہر کردار کو جاندار انداز میں نبھاتی ہیں۔شادی شدہ ہیں اور ان کے میاں بھی رچناوی 2 کے ڈراموں میں اداکاری کرتے ہیں۔

فلک شیر

رچناوی ٹی وی: رچناوی ثقافت اور فنکار


فلک شیر کا اصل نام حاجی ارشاد ہے اور ان کا تعلق پاکپتن سے ہے۔ گھنی اور نوک دار بڑی مونچھیں بھی ان کی پہچان ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ مثبت کردار نگاری کی ہے اور ہر کردار کو بڑی عمدگی سے ادا کیا۔

مسکان

رچناوی ٹی وی: رچناوی ثقافت اور فنکار


مسکان کا اصل نام عمران ہے۔ وہ اپنی حقیقی زندگی میں بھی خواجہ سرا ہیں۔ المیہ اداکاری ہو یا ڈانس پارٹی، وہ اپنا کردار خوب نبھاتے ہیں۔

مسکان نے ہمیشہ مثبت اور خدا ترس خواجہ سرا کا کردار ادا کیا ہے۔

چینا

ایک ایسا فنکار جو ہمیشہ یاد رہے گا

رچناوی ٹی وی: رچناوی ثقافت اور فنکار


رچناوی ٹی وی کا ایک فنکار چینا بھی تھا، جس کا اصل نام بلال تھا۔ پچھلے دنوں وہ کم عمری میں ہی وفات پا گیا۔ بلال کا تذکرہ نہ کرنا اس کے ساتھ زیادتی ہوگی۔

وہ بہت بڑا فنکار تھا۔ اس کے بے ساختہ جملے اور مثبت کردار نگاری کبھی فراموش نہیں کیے جا سکیں گے۔ اس نے اپنی معذوری کو کبھی مجبوری نہیں بنایا اور ہر کردار کو بڑی خوبصورتی سے نبھایا۔

بلال مرا نہیں ہے؛ وہ ان ڈراموں میں ہمیشہ زندہ رہے گا اور آنے والے فنکاروں کے لیے ایک مثال بنا رہے گا۔

رچناوی ٹی وی کی کامیابی

رچناوی ٹی وی کے اور بھی بہت سے فنکار ہیں جو اپنا اپنا کام بخوبی سرانجام دے رہے ہیں۔ بلاشبہ ان سب کی محنت ہی اس چینل کی کامیابی کا اصل سبب ہے۔

رچناوی ٹی وی نے صرف تفریح فراہم نہیں کی بلکہ رچناوی علاقے کی زبان، ثقافت، رسم و رواج اور معاشرتی زندگی کو بھی دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔ یہی اس چینل کی سب سے بڑی خوبی ہے۔

دعا ہے کہ رچناوی ٹی وی اسی طرح کامیابیوں کی منازل طے کرتا رہے اور اپنے فنکاروں کے ذریعے علاقائی ثقافت اور مقامی ٹیلنٹ کو دنیا تک پہنچاتا رہے۔

Hydersyed

Writter, Poet

ایک تبصرہ شائع کریں

جدید تر اس سے پرانی